ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی سے پھاگلہ جانے والی سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے مسافرین اور مقامی لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سڑک کی خستہ حالی پر محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے خلاف مقامی لوگوں نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مولانا منظور احمد نے بتایا کہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی نے تقریباً 20 برس قبل منڈی تا پھاگلہ سڑک کے کاموں کا آغاز کیا تھا لیکن آج تک سڑک کی مرمت نہیں کی گئی۔ سڑک پر جگہ جگہ کڑھے پڑے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے مسافرین کو انتہائی تکلیف سے گذرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقامی لوگوں نے بارہا ضلع انتظامیہ کی توجہ اس جابن مبذول کروائی لیکن ابھی تک انتظامیہ حرکت میں نہیں آیا ہے۔
ایک اور مقامی شخص نے بتایا کہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے یہاں متعدد سڑک حادثہ پیش آچکے ہیں جس میں کئی لوگوں نے اپنی جان گنوائی ہیں لیکن انتظامیہ ٹھس سے مس نہیں ہو رہا ہے۔
احتجاجی مظاہرہ میں چودھری محمد سلیم, چودھری مختار حسین, لیاقت حسین, بلال احمد کے علاوہ دیگر مقامی افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے لفٹیننٹ گورنر و ضلع انتظامیہ سے سڑک کی مرمت کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں بڑے پیمانہ پر احتجاج منظم کرنے کا بھی اعلان کیا۔