بھارتیہ جنتا پارٹی نے کہا ہے کہ وادی کشمیر میں ان کی پارٹی کے کارکنان کی ہلاکت میں سیاسی رسہ کشی اور انتقامی کارروائی نظر آرہی ہے۔ اس کارروائی سے بی جی پی کو کشمیر میں کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
سرینگر میں پارٹی کے دفتر پر بی جے پی کے جنرل سیکریٹری (آرگنائزیشن) اشوک کول نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے کارکنان آنے والے پنچایتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے مکمل طور سے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کارکنان کی ہلاکت میں سیاسی رسہ کشی اور انتقام نظر آرہا ہے تاکہ کارکنان میں خوف پیدا کیا جائے- لیکن اس کے باوجود بھی کارکنان پر عزم ہیں اور پارٹی کے لیے سرگرم ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے بی جے پی کے ایک درجن کے قریب کارکن نامعلوم بندوق برداروں نے ہلاک کیے ہیں جس کے بعد متعدد کارکنان کی سیکیورٹی میں اضافہ کیا گیا یا ان کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔