جموں و کشمیر کے شمالی قصبہ سمبل میں پولیس نے منشیات کے ایک منظم گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کر کے ان کی تحویل سے بھاری مقدار میں نشہ آور ادویات ضبط کر لی ہیں۔
ایس ایس پی بانڈ ی پورہ راہل ملک نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کو بتایا کہ پولیس نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے پرمنشیات کے کاروبار میں ملوث تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے ان کی تحویل سے 101 بوتلیں کوڈین فاسفیٹ اور دیگر نشہ آور چیزیں برآ مد کرلی ہیں۔
راہل ملک نے بتایا کہ گرفتار شدگان میں تنویر احمد راتھر ولد منور راتھر ساکن پھٹہ پورہ، ہلال احمد وانی ولد محمد سلطان وانی ساکن وانگی پورہ مشتاق احمد بٹ ولد محمد سلطان ساکن بازی پورہ اجس شامل ہیں۔
ان کے خلاف ایک کیس زیر نمبر47/2220 تحت سکشن8/2021 این ڈی پی ایس ایکٹ پولیس تھانہ سمبل میں درج کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اس گروہ کا سرغنہ ہلال احمد وانی ہے جس کو پولیس کافی دیر سے تلاش کررہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 'ہم کوشش کریں گے کہ ہلال وانی کو پی ایس ایس کے تحت جیل بھیج دیا جائے۔'
ایس ایس پی بانڈی پورہ راہل ملک نے یقین دلایا کہ غیر قانونی کاروبار میں ملوث کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کی ترجیح نشہ آور ادویات کا استعمال کرنے والوں کی بجائے ان کا کاروبار کرنے والوں پر روک لگانا اور اس میں پولیس کی طرف سے کوئی کوتاہی نہیں کی جارہی ہے۔
راہل ملک نے بتایا کہ منشیات کے کاروبار میں جو بھی ملوث ہوگا ان کوبخشنا نہیں جائے گا بلکہ ان کے خلاف پولیس کی مہم جاری رہے گی۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سمبل سوناواری میں نشہ آور ادویات اور منشیات کا کاروبار کرنے والے افراد کے بارے میں پولیس کو اطلاع دیکر نوجوانوں کے مستقبل کو مخدوش ہونے سے بچائیں۔