جموں: جموں ضلع انتظامیہ نے جموں شہر خاص اور دور دراز علاقوں کے گھر گھر میں قومی پرچم تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جموں انتظامیہ نے تین لاکھ سے زائد قومی پرچم تیار کروائے ہیں۔ اس تعلق سے جموں ضلع ترقیاتی کمشنر اونی لاواسا نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ جموں انتظامیہ مقررہ وقت سے پہلے شہر کے ہر گھر میں تیزی کے ساتھ قومی پرچم تقسیم کرے گی۔ Har Ghar Tiranga Campaign in Jammu and Kashmir
اونی لاواسا نے کہا کہ عوام میں قومی پرچم لہرانے کے لیے کافی جوش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترنگا لہرانے کے لیے کسی کے ساتھ زور زبردستی نہیں کی جائے گی بلکہ لوگ خود ترنگا لہرانے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت نے اس بار کے یوم آزادی کو خاص انداز میں منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بار مرکزی حکومت 15 اگست کو 'ہر گھر ترنگا' مہم شروع کرنے جا رہی ہے جس کے تحت ملک بھر میں تمام دکانوں، مکانوں اور سرکاری و نیم سرکاری دفاتر پر ترنگا لہرانے کا ہدف ہے۔
واضح رہےکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے لوگوں سے ہر گھر ترنگا تحریک کو مضبوط بنانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ اس سال جب ہم آزادی کا امرت مہوتسو منا رہے ہیں تو ہر گھر ترنگا تحریک کو مضبوط کریں۔ ترنگا لہرائیں یا 13 اور 15 اگست کے درمیان اپنے گھروں میں اس کی نمائش کریں کیونکہ یہ تحریک قومی پرچم کے ساتھ ہمارا تعلق گہرا کرے گی۔