موصوف شخص کی شناخت عبدالرحمان ولد عبدالرشید ساکنہ ناکیال ضلع کوٹلی پاکستان زیر قبضہ کشمیر کے بطور ہوئی ہے۔
بلاک میڈیکل افسر مینڈھر ڈاکٹر پرویز احمد خان نے کہا ہے کہ کورونا ٹیسٹ کے لئے موصوف کے نمونے لئے گئے ہیں تاہم رپورٹ ابھی نہیں آیا ہے۔
ایس ڈی پی او مینڈھر نیرج پدیار نے کہا کہ جس جگہ عبدالرحمان کو کورنٹائن کیا گیا ہے وہاں اسپیشل پولیس گارڈس تعینات کئے گئے ہیں۔
انہوں نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا: 'کل دوپہر کو ہمیں اطلاع ملی کہ ایل او سی کے نزدیک واقع بیروتی گائوں میں ایک شخص مشتبہ حالت میں گھوم رہا تھا۔ سیکورٹی فورسز کے اہلکار موقع پر پہنچے اور اس شخص کو حراست میں لے لیا'۔
انہوں نے کہا: 'جب اس سے پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے نام عبدالرحمان ولد محمد عبدالرشید بتایا جو کہ ضلع کوٹلی کا رہنے والا ہے'۔
نیرج پدیار نے کہا: 'پولیس تھانہ لانے سے قبل ہم نے ان کا کووڈ ٹیسٹ کرایا۔ ٹیسٹ کرانے کے بعد ہم نے اس کو انتظامی قرنطینہ میں بھیج دیا ہے'۔
قابل ذکر ہے کہ عبدالرحمان کو پونچھ میں بالاکوٹ سیکٹر میں بدھ کی دوپہر کو ایل او سی پار کرنے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ عبدالرحمان، جو دو بچوں کا باپ ہے، نے بتایا ہے کہ اس نے غلطی سے ایل او سی عبور کی ہے۔