ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے یوسف جمیل نے کہا کہ' یہ ایوارڈ میری صحافتی برادری کے ان تمام لوگوں کے لیے ہے، جنہوں نے اپنی ذمہ داری کو اس پر تشدد مرحلے میں انتہائی اعتدال اور عزم و حوصلے کے ساتھ ادا کیا ہے۔
یوسف جمیل نے کہا کہ میں ذاتی طور پر اس اصول پر قائم ہوں جس کے مطابق جو کچھ آپ کے سامنے ہوتا ہے اسے آپ بلاخوف اور بے باکی سے عام لوگوں تک پہنچائیں۔'
یوسف جمیل کو صحافی گوری لنکیش کی یاد میں ترتیب دیے گئے ایک ایوارڈ کا دوسرا ایڈیشن موصول ہوا ہے۔
واضح رہے کہ صحافی گوری لنکیش کو ستمبر 2017 میں بنگلورو میں قتل کیا گیا تھا۔ یہ اعلان بدھ کے روز لکھنے والوں کی تنظیم 'پی ای این' کے دوبھارتی مراکز نے کیا ہے۔ افتتاحی 'پین گوری لنکیش ایوارڈ برائے ڈیموکریٹک آئیڈیلزم' ستمبر 2018 میں کارٹونسٹ پی محمود کو دیا گیا تھا۔
بے باک صحافی یوسف جمیل نے اپنے کیریئر کا آغاز 1980 کی دہائی کے اوائل میں سری نگر میں مقیم اردو روزنامہ آفتاب سے کیا تھا اور وہ ٹیلی گراف، بی بی سی، رائٹرز، ٹائم، وائس آف امریکہ اور دی ایشین ایج کے ساتھ کام کرتے رہے۔
موصوف سنہ 1996 میں انٹرنیشنل پریس فریڈم ایوارڈ کے وینر تھے جو کمیٹی برائے تحفظ صحافیوں نے دیا تھا۔