پارٹی کے ترجمان کے مطابق فاروق عبداللہ نے منگل کے روز وادی کے بلند پایہ ولی کامل صوفی اور ریشی بزرگ حضرت بابا پیام الدین ریشی (ریشی صاحب) ٹنگ مرگ کی درگاہ پر حاضری دی۔
انہوں نے اس موقع پر اسلام کی سربلندی اور فتح ونصرت کے علاوہ عالم انسانیت کی بقا اور موجودہ وبائی بیماری سے نجات کے لئے دعا کی۔
انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ جموں وکشمیر میں مکمل امن و امان اور یہاں کے لوگوں کو خوشحالی اور فارغ البالی نصیب ہو۔
فاروق عبداللہ نے وہاں موجودہ عقیدت مندوں سے بھی اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کی عالم گیر وبائی بیماری سے مکمل طور پر نجات پانے کے لئے خصوصی دعاﺅں کا اہتمام کریں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کے بغیر اس وبائی بیماری سے ہمیں کوئی بھی چھٹکارا نہیں دلا سکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا بزرگان دین، ریشیان کرام، صوفیان حضرات کی درگاہیں ہمارے دلوں کے سکون اور اسلامی تہذیب و تمدن کے گہوارے رہے ہیں۔
'یہ درگار صدیوں سے عقیدتمندوں کی آماجگاہ بنی ہوئی ہے۔اللہ تعالیٰ یہاں اپنے نیک بندوں کی دعائیں قبول فرماتا ہے'۔
فاروق عبداللہ نے امید ظاہر کی ہے کہ اللہ تعالیٰ بزرگان دین کے طفیل کورونا وائرس سمیت دیگر مصائب اور مشکلات سے نجات دلائیں گے۔