جموں و کشمیر بینک کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر آر کے چھبر نے آج کہا کہ 'ملک میں پنجاب اور مہاراشٹرا کوآپریٹو (پی ایم سی) بینک کے حالیہ بحران نے تمام بینک صارفین کو پریشان کر رکھا ہے اور جے اینڈ کے بینک کے انضمام کی افواہوں نے ہمارے صارفین میں الگ الگ طرح کے خدشات پیدا کردیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'میں آپ کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ جے اینڈ کے بینک کو ضم نہیں کیا جائے گا اور بینک کے بنیادی اصول بہت مضبوط ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'میں بینک کے تمام کھاتہ ہولڈرز کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کا بینک محفوظ ہاتھوں میں ہے،صارفین کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ 12 ہزار سے زائد صارفین بینک کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں، جو کہ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی نگرانی میں ہیں۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'یہ بینک اپنی کارکردگی سے بلندیوں کو چھوئے گا۔'
بینک پر جموں و کشمیر میں حالیہ سیاسی پیش رفت کے اثرات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'ہمیں یقین ہے کہ حالیہ پیش رفت جو ریاست میں ہے اس سے اس ادارے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا ، جو جموں و کشمیر کے لوگوں کی مالی خدمات انجام دینے کے لئے ہے اور اس خطے کی معاشی ترقی کی استعمال کے لیے ہے۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'ماضی میں جے اینڈ کے بینک نے بہت بڑے چیلنجز دیکھے ہیں اور ہمیں یقین ہے ہمیشہ کی طرح لوگوں کی جذباتی یکجہتی، جموں و کشمیر حکومت کی حمایت اور اپنے عملے کی بے مثال وابستگی کے ساتھ ہم ہر چیلنج کا مقابلہ کریں گے اور مضبوطی اور کامیابی سے آگے آئیں گے'۔