ایک طرف ملک کو ڈیجیٹل انڈیا بنانے کے اقدام کئے جارہے ہیں دوسری جانب صوبہ جموں کے راجوری علاقہ کے منڈی میں بجلی کی عدم دستیابی سے عوام کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے-
اس حوالے سے سرپنچ بائیلہ خواجہ عبدالرزاق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گاؤں کی قریب ستر فیصد آبادی بجلی سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کئی مقامات پر برقی تاریں درختوں سے لٹکی ہوئیں ہیں جو کسی حادثے کی وجہ بن سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا سوبھاگیہ سکیم کے تحت بائیلہ پنچایت میں 140 بجلی کے کھمبے دیے گئے ہیں لیکن آج تک ایک بھی کھمبہ نہیں لگایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلہ میں جب محکمہ برقی کو مطلع کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ اسکیم بند کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا متعلقہ محکمہ عدم تعاون کا شکار ہے اور لوگوں کی شکایات کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔
علاقہ کے لوگوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹننٹ گورنر سے اپیل کی ہے کہ محکمہ برقی کو ہدایات جاری کی جائے کہ لوگوں کی مشکلات کو سنجیدگی سے لیا جائے۔