شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے تحصیل ہیڈ کوارٹر سوپور آرمی گڈول اسکول مازبگ اور شاہ ہمدان کوچنگ سینٹر میں روبل ناگی فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن اور 22 آر آر فوج کی طرف سے ایک مشترکہ آرٹ پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔
اس ورکشاپ کا اہتمام لندن کے سلیڈ اسکول آف فائن آرٹس کی ایک مشہور فنکار اور سابق طالب علم روبل ناگی نے کیا تاکہ بچوں کو ماہرین سے تخلیقی فن سیکھنے اور ان کے دل و دماغ میں آرٹ کے بارے میں مثبت جذبہ پیدا کرنے کے لئے ایک موقع فراہم کیا جاسکے۔
فاؤنڈیشن کے چیئرپرسن روبل ناگی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے بتایا کہ 'اس آرٹ پروگرام کو ہم نے ممبئی سے نشان انڈیا کے نام سے شروع کیا اور یہاں کشمیر میں اس پروگرام کو ہم نے نشان کشمیر کے نام سے کشمیر کے طلبا کے علاوہ فنکاروں کے ساتھ باقاعدہ طور پر شروع کیا ہے۔'
فاؤنڈیشن نے پٹن، ہندوارہ اور سوپور میں اپنے آرٹ پروگرام منعقد کئے جس میں اسکولی بچوں کے علاوہ مختلف فنکاروں نے حصہ لیا اور اپنے فن کو مزید بہتر بنانے میں ایک اہم کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 'ہم نے پٹن ہندوارہ اور سوپور میں اپنے آرٹ پروگرام منعقد کئے ہیں جس میں مختلف اسکولی بچوں کے علاوہ مختلف فنکاروں نے حصہ لیا اور اپنے فن کو مزید بہتر بنانے میں ایک اہم کردار ادا کیا۔'
اس حوالے سے شاہ ہمدان کوچنگ سینٹر میں تعلیم حاصل کر رہے بچوں نے نمائندے کے ساتھ بات کرتے ہوئے بتایا کہ 'ہم شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں روبل آرٹ فاونڈیشن کا جنہوں نے ہمارے کوچنگ سینٹر پر ہمیں اس آرٹ اور فن کے حوالے سے ایک اہم جانکاری فراہم کی اور ساتھ میں حوصلہ افزائی بھی کی۔'
واضح رہے کہ روبل ناگی آرٹ فاؤنڈیشن ایک غیر سرکاری تنظیم ہے جو پورے ملک میں بچوں کے لئے آرٹ ورکشاپس کا انعقاد کرتی ہیں۔ سوپور سے کوثر عرفات کی رپورٹ