جموں و کشمیر پولیس نے ضلع اننت ناگ میں ڈی ڈی سی انتخابات کے پانچویں مرحلے کے دوران لوگوں کو ووٹ ڈالنے سے روکنے پر شرپسندوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی۔
جموں وکشمیر اسٹیٹ الیکشن کمشنر (ایس ای سی) کے کے شرما نے جموں میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ' کچھ شرپسند عناصر ڈی ڈی سی انتخابات کے پانچویں مرحلے کے دوران اننت ناگ میں لوگوں کو ووٹ ڈالنے سے روک رہے تھے۔ جب میڈیا وہاں پہنچا تو شرپسندوں نے صورتحال خراب کرنی شروع کردی۔ پولیس نے میڈیا کو علاقے سے الگ کردیا اور صورتحال کو قابو میں کیا گیا۔'
پولیس کے مطابق اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے لیور سریگفارہ علاقے میں پولیس نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے سمیت تین صحافیوں کے ساتھ مبینہ طور پر مار پیٹ کی۔
اننت ناگ میں پولنگ کوریج کے دوران پولیس نے تین صحافیوں کے ساتھ مبینہ طور پر مار پیٹ کی اور انہیں حراست میں لے کر سریگفارہ میں نظربند کر دیا۔ اس دوران جنید نامی ایک صحافی بے ہوش ہو گئے تھے جس کے بعد پولیس نے انہیں ہسپتال منتقل کیا تھا۔