مغل شہنشاہ جہانگیر کی شریک حیات نور جہاں کے نام سے منسوب نوری چھمب آبشار وزیر اعظم ترقیاتی پروگرام مرحلہ اول میں شامل کیا گیا ہے جس کے تحت حکومت اس سیاحتی مقام پر تمام سہولیات کو سیاحوں کے لئے دستیاب رکھے گی۔
بتادیں کہ یہ آبشار ضلع پونچھ سے قریب چالیس کلو میٹر دور پیر کی گلی کے نیچے بہرام گالہ گاؤں میں ایک پہاڑی پر واقع ہے جہاں پر تاریخی مغل روڈ اس کے پاس سے ہی گذرتا ہے۔
پونچھ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو افسر تنویر خان نے یو این آئی کو بتایا کہ یہ جگہ بھی بہت جلد یونین ٹریٹری کے سیاحتی مقامات کی فہرست میں شامل ہوگی اور اس سے جموں میں سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس مقام کی ایک خاص تاریخی حیثیت ہے اور سیاح یہاں آکر اس کے قدرتی حسن سے لطف اندوز ہوں گے۔
ایگزیکٹو انجینئر ٹورزم سریش کمار، جو اس پروجیکٹ کے نگران ہیں، نے بتایا کہ 'ڈیولپمنٹ آف نوری چھمب' کے نام سے موسوم یہ خوبصورت پروجیکٹ قریب چار کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہوگا اور اس خوبصورت مقام کے لئے سرکاری اراضی پر انفراسٹرکچر تعمیر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک مرکزی اسکیم کے تحت تعمیر کیا جا رہا ہے اور اس کی تعمیر ماہ رواں کے آخر تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
موصوف نے کہا کہ پروجیکٹ قریب نوے فیصد مکمل ہے جہاں پارکنگ، کیفٹیریا، پارک وغیرہ جیسی سہولیات دستیاب ہوں گی۔