انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کشمیر وجے کمار نے کہا کہ گزشتہ دنوں سے پاکستان لگاتار سرحدوں پر دراندازی کی کوشش کر رہا ہے اور وہ ڈی ڈی سی انتخابات میں خلل پید کرنا چاہتا ہے۔ لیکن سکیورٹی فورسز نے ان کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کہ ایل او سی کے اس پار 250 سے 300 عسکریت پسند دراندازی کے لئے لانچ پیڈ پر تیار ہیں۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کشمیر وجے کمار نے کہا ہے کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر نگروٹہ کے علاقے میں ہلاک ہونے والے چار عسکریت پسند کشمیر میں آئندہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) انتخابات میں خلل ڈالنا چاہتے تھے۔
وجے کمار نے آج سرینگر کے نشاط علاقے میں ایک پروگرام کے دوران میڈیا کو بتایا کہ ' نگروٹہ انکاؤنٹر میں ہلاک کیے گئے عسکریت پسند کشمیر میں ڈی ڈی سی انتخابات میں رخنہ چاہتے تھے۔'
انہوں نے کہا کہ وہ ڈی ڈی سی انتخابات کو پر امن طریقے سے انجام دینے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں ۔ ہم نے ڈی ڈی سی کے تمام امیدواروں کو سکیورٹی فراہم کی ہے اور جمعہ سے امیدوار انتخابی مہم میں حصہ لے سکتے ہیں۔انہیں گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔'
آئی جی پی نے کہا کہ وہ ڈی ڈی سی انتخابات کے تمام امیدواروں کو انفرادی طور پر سکیورٹی فراہم نہیں کرسکتے ہیں۔ ہم ان کو اجتماعی تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔ امیدوار جب بھی انتخابی مہم کے لیے میدان میں اتریں تو ہم انہیں مکمل سکیورٹی فراہم کریں گے۔'
جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے کاکا پورہ میں بدھ کے روز گرینیڈ دھماکے میں 12 شہری زخمی ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کی شناخت ہوگئی ہے اور جلد ہی انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔