مرکزی وزیر جتندر سنگھ نے ہفتے کے روز کہا کہ سرینگر اور جموں میں میٹرو ٹرین سروس 2024 تک شروع ہوجائے گی۔
جتندر سنگھ نے کہا کہ دونوں شہروں کے لیے میٹرو پروجیکٹ پر تقریباً 10،599 کروڑ روپئے کی لاگت آئے گی۔
انہوں نے دفعہ 370 کو منسوخ کرنے کے بعد جموں و کشمیر میں جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ 'ریلوے کنسلٹنسی فرم رائٹس لمیٹیڈ نے حتمی تفصیلی منصوبے کی رپورٹز پیش کی ہیں اور توقع ہے کہ میٹرو نظام 2024 کے آخر تک مکمل ہوجائے گا۔'
ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا کہ 'ایک بار جب منصوبے مکمل ہوجائیں گے تو سرینگر اور جموں ملک کے دو بڑے شہر بن جائیں گے جہاں تیزی سے نقل و حمل کا نیٹ ورک کارآمد ہوگا۔'
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر نے کہا کہ منصوبوں کی اہمیت کو اس حقیقت سے سمجھا جاسکتا ہے کہ جموں و کشمیر پہنچنے والی پہلی ٹرین کو آزادی کے بعد دو دہائیوں سے زیادہ کا عرصہ لگا تھا اور جموں میں پہلا ریلوے اسٹیشن سنہ 1970 میں صرف جموں میں قائم کیا گیا تھا۔'
انہوں نے کہا کہ لیکن مودی حکومت جموں و کشمیر میں میٹرو ٹرین منصوبوں کو متعارف کرانے کے لئے تیزی سے کام کر رہی ہے جو بہت جلد شروع کی جائے گی۔'
ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا کہ 'پہلے لائٹ میٹرو ٹرانزٹ سسٹم کو جموں میں سال بھر میں 17 گھنٹے چلانے کی تجویز ہے جبکہ سرینگر میں یہ گرمیوں کے دوران روزانہ 17 گھنٹے لیکن سردیوں کے دوران 14 گھنٹے چلائی جائے گی۔'
انہوں نے کہا کہ میٹرو ریل لائنز میں صرف ایلیویٹڈ کوریڈور ہوں گے کیونکہ جموں و کشمیر میں زیر زمین سرنگیں قابل عمل نہیں پائی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں میں میٹرو ٹرین سروس کا پہلا راہداری بنتالاب سے بری برہمنہ تک ہوگا اور سری نگر میں یہ اندرا نگر سے ایچ ایم ٹی اسٹیشن تک ہوگی۔
سنگھ نے کہا کہ یہ میٹرو سسٹم نہ صرف لوگوں کو سہولت فراہم کرے گا بلکہ معیشت اور معیار زندگی پر بھی مثبت اثرات مرتب کرے گا۔