جموں و کشمیر کی سابقہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے اپنے پاکسانی ہم منصب عمران خان کو یوم پاکسان پر خط لکھ کر مبارکباد دینے کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔
انہوں نے ٹویٹر پر لکھا: 'وزیر اعظم مودی کا اپنے پاکستانی ہم منصب سے رابطہ کرنا صحیح سمت میں ایک قدم ہے۔ جیسا کہ واجپئی جی نے کہا تھا، ہم اپنے دوستوں کو تبدیل کرسکتے ہیں لیکن ہمسایہ نہیں۔ مجھے امید ہے کہ اس سے بات چیت اور مفاہمت کا عمل شروع ہوگا۔ کشمیر کو مرہم کی ضرورت ہے۔'
واضح رہے وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کو ایک خط لکھ کر پڑوسی ملک کے عوام کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی ہے۔
جانکاری کے مطابق بھارتیہ وزیر اعظم کی جانب سے ہر سال اس طرح کا مکتوب پاکستان کے وزیر اعظم کو بھیجا جاتا ہے۔ پاکستان میں 23 مارچ کو یوم پاکستان منانے کا رواج ہے۔
وزیراعظم نے عمران خان کو خط لکھ کر کہا کہ ''ایک پڑوسی ملک کے طور پر، بھارت پاکستان کے عوام کے ساتھ خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے۔ اس کے لئے دہشت اور دشمنی کے بغیر ماحول ہونا چاہئے۔
وزیر اعظم مودی نے کورونا وائرس کی وبا کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کی۔ وزیر اعظم کے خط میں بھارت اور پاکستان کے تعلقات میں مثبت اشارہ کیا گیا ہے۔