جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر جی سی مرمو نے بدھ کے روز اچانک استعفیٰ دے دیا۔
اطلاعات کے مطابق جی سی مرمو کو بھارت کا نیا کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) مقرر کیا جائے گا کیونکہ موجودہ کمپٹرولر جنرل راجیو مہریشی اگلے ہفتے سبکدوش ہونے والے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں
جموں و کشمیر کے لیفٹننٹ گورنر مستعفی
صدر سکریٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کے طور پر گریش چندر مرمو کا استعفی قبول کر لیا گیا ہے۔
صدر کے پریس سکریٹری اجے کمار کے ذریعہ جاری ہونے والے اس بیان میں کہا گیا ہے کہ'صدر نے منوج سنہا کو جموں و کشمیر کا لیفٹیننٹ گورنر مقرر کرنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔'
قابل ذکر ہے کہ 61 سالہ منوج سنہا یکم جولائی 1959 کو مشرقی یوپی کے ضلع غازی پور کے موہن پورہ میں پیدا ہوئے ہیں اور وہ مشرقی اتر پردیش کے پسماندہ دیہاتوں کے لئے کام کرنے میں سرگرم عمل رہے ہیں۔
منوج سنہا 2014 اور 2019 کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت میں وزیر تھے اور ٹیلی کام جیسی اہم وزارتوں کو سنبھال چکے ہیں۔ وہ بی ایچ یو کی طلبا یونین کے صدر رہنما تھے اور مشرقی یوپی کے غازی پور سے دو بار لوک سبھا انتخابات جیت چکے ہیں۔ تاہم انہیں 2019 انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ جی سی مرمو نے اپنا استعفی اس دن پیش کیا جب مرکزی خطے جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کو منسوخ کرنے کی پہلی برسی منائی گئی۔
ریاست گجرات کیڈر کے 60 سالہ سابق آئی اے ایس افسر جی سی مرمو نے گذشتہ برس 29 اکتوبر کو جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ ختم ہونے کے بعد مرکزی علاقے کے پہلے ایل جی کے طور پر عہدہ سنبھالا تھا۔