مہا شیوراتری کو جموں و کشمیر میں بھی بڑے جوش و خروش سے مناتے ہیں اور اس تہوار کو مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں ہیرتھ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
کشمیری پنڈتوں کا مہا شیوراتری یعنی ہیرتھ کا تہوار مرکزی علاقے میں انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا جارہا ہے جس کے دوران مندروں میں پوجا پاٹ کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ ہیرتھ کے حوالے سے وادی کشمیر میں واقع شیو منادر میں رات بھر پوجا کی گئی۔
آج سرینگر کے زبروان پہاڑ پر قائم شیو کے شنکرآچاریہ مندر پر عقیدتمندوں کا ہجوم دکھائی دیا اور خصوصی پوجا کی گئی۔ پوجا کے دوران امن و امان کےلیے دعائیں کی گئیں۔
بھگوان شیو جن کو بھولے ناتھ بھی کہا جاتا ہے ان کے عقیدت مند اپنی مرادوں کو پورا کرنے کےلیے نیپال،گوا، راجستان کے علاوہ ملک کے دیگر علاقوں سے یہاں پہنچے۔
شیو کے عقیدت مندوں نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہاکہ "بھولے ناتھ کسی کو خالی ہاتھ نہیں بھیجتے‘‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ "ہم نے پوجا ارچنا میں عوام اور پوری دنیا کے لیے خوشیاں اور امن مانگا۔"
وہیں مندر کے پجاری پنڈٹ وڈیو شرما نے کہاکہ "بھولے ناتھ کے عقیدت مندوں نے رات بھر خصوصی پوجا کی اور دعائیں مانگی ہیں‘‘۔
اس موقعے پر عقیدت مندوں نے شیو کو شہد، دودھ اور دیگر چیزوں کا نذرانہ پیش کیا۔ شیوراتری کے پیش نظر کشمیر میں سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔