جموں کشمیر پیپلز کانفرنس کے چیف سجاد عنی لون نے جموں کشمیر کے سابق چیف سیکریٹری بی وی آر سبرامنیم کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ سجاد لون نے اس حوالے سے ٹویٹ کیا۔ تاہم انہوں نے سبرامنیم کا نام نہ لیتے ہوئے بالواسطہ ان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
سجاد لون نے ٹویٹ میں لکھا کہ "کشمیر کے تاریک ترین وقت میں ایک تاریک ترین فرد کی حیثیت سے یاد کیا جائے گا۔ ایک خود پرست شخص، کشمیریوں کے لئے منافرت اور کشمیریوں کے ساتھ ناروا سلوک کا اظہار کرتا رہا۔"
سجاد لون نے ایک اور ٹویٹ میں لکھا کہ "اس شخص نے سیاسی طبقے سے تعلق رکھنے والے ڈومین میں بھی دخل اندازی کی اور ایسے بیانات دئے جو غیر واضح طور پر سیاسی نوعیت کے تھے۔ اس شخص نے سیاست اور بیوروکریسی کے مابین لکیر میں دخل اندازی کی۔"
سجاد لون نے اس کے بعد ایک اور ٹویٹ کیا جس میں انہوں نے کہا کہ سبرامنیم خود کو خدا سمجھتے تھے۔
واضح رہے کہ سبرامنیم قریب چار برس کے بعد یونین ٹریٹری جموں کشمیر سے منتقل کر دئے گئے ہیں اور انہیں مرکزی کامرس محکمہ میں آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی تعینات کیا گیا ہے۔
آپ کو بتا دیں کہ سبرامنیم کو 2018 میں جموں و کشمیر کا چیف سیکریٹری مقرر کیا گیا تھا۔ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد جموں کشمیر کو دو یونین ٹریٹریز میں تقسیم کرنے اور یہاں پر کی جانے والی کئی قانونی تبدیلیوں میں ان کا اہم کردار رہا ہے۔