اننت ناگ: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے تکیہ بہرام شاہ علاقہ کے مقامی باشندوں نے محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے سڑک کے کنارے کچرا جمع کرنے کے لئے گاربیج ڈمپنگ کولیکشن سینٹر قائم کرنے پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی تعمیراتی کاموں کی پر زور مخالفت کی۔ مقامی باشندوں نے کہا کہ جس جگہ کو کوڑا کرکٹ جمع کرنے کے لئے منتخب کیا گیا یے وہ بلکل بھی مناسب جگہ نہیں ہے ،کیونکہ مذکورہ جگہ کے ایک طرف کھیل کا میدان ہے اور دوسری جانب ہائی اسکول موجود ہے جبکہ بیچ میں ایک نالہ بہتا ہے ،وہیں یہ بستی اور رابطہ سڑک کے بلکل قریب ہے.
انہوں نے کہا کہ مذکورہ جگہ کو کوڑا کرکٹ کے استعمال میں لانے کے بعد نہ صرف گاؤں کا ماحول خراب ہو سکتا ہے بلکہ یہ آوارہ کتوں کی آماجگاہ بن سکتا ہے جس سے عبور و مرور میں مشکلات ہو سکتے ہیں ۔۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ جگہ پر عوامی مفاد کے لئے کوئی دوسری چیز تعمیر کی جائے ،تاکہ لوگ استفادہ حاصل کر سکیں۔
مقامی لوگوں نے کہا کہ گاؤں میں کافی سرکاری اراضی موجود ہے ،لہذا انتظامیہ کو اس کے لئے متبادل جگہ کو منتخب کرنا چاہئے ،تاکہ مستقبل میں عام عوام کو دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یہ بھی پڑھیں:Schools during winter In Kashmir موسم سرما میں طلبا و طالبات کے اہم مطالبے
لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ سید فخر الدین حامد سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ وہ معاملہ کی جانب غور کریں اور ڈمپنگ سائٹ کے لئے بستی سے دور زمین کے ٹکڑے کا انتخاب کریں ۔