واضح رہے کہ لداخ انتظامیہ نے یہ فیصلہ یونین ٹریٹری میں بی جے پی کے صدر و سابق وزیر سیرنگ ڈورجے کے استعفے اور پیر کے روز لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کے چیف ایگزیکٹو کونسلر گیال پی ونگیال اور دیگر کونسلروں کی طرف سے لیفٹیننٹ گورنر آر کے مارتھر کے دفتر کے سامنے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج درج کرنے کے پیش نظر لیا ہے۔
دریں اثنا لداخ کے بی جے پی صدر سیرنگ ڈورجے کے بعد اب پولیس افسر سے سیاست دان بننے والے سیرنگ گیالپو نے بھی بی جے پی سے الگ ہونے کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ نامہ پارٹی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا کو ارسال کیا ہے۔
لداخ انتطامیہ کے ترجمان رگزن سیمفل نے منگل کو گیال پی ونگیال کے ہمراہ میڈیا کو بتایا کہ ملک کے دوسرے حصوں میں پھنسے لداخی لوگوں کو گھر واپس لانے کے لئے دونوں کونسلوں کو فی الحال ایک ایک کروڑ روپے واگذار کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا: 'ہم باہر پھنسے لداخی لوگوں کو واپس لانے کے لئے جتنا بھی خرچہ آئے گا اس کو برداشت کریں گے فی الحال دونوں کونسلوں کو ایک ایک کروڑ روپے دیا گیا ہے، یہ ہمارے لئے بہت بڑا چلینج ہے جس کا ہم مل جل کر سامنا کریں گے'۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ فی الوقت 'لداخ کنکٹ' نامی ویب پورٹل پر قریب دس ہزار لوگوں نے رجسٹریشن کی ہے۔
ان کہنا تھا: 'آج تک لداخ کنکٹ جو ہمارا ایک ذریعہ ہے جس سے ہمیں معلوم ہوجاتا ہے کہ کس حصے میں کتنے لداخی لوگ پھنسے ہوئے ہیں، پر قریب دس ہزار لوگوں جو ملک کے مختلف حصوں میں پھنسے ہوئے ہیں، نے رجسٹریشن کی ہے ان میں سے ایک ہزار لوگوں نے یہ بات پکی بھی کی ہے کہ وہ کب کس جگہ سے نکلنا چاہتے ہیں'۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ باہر سے واپس گھر لانے والے لوگوں کا کورنٹائن کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا: 'جن لوگوں کو گھر واپس لایا جائے گا ان کا کورنٹائن کیا جائے گا، جو لوگ ریڈ زون والے علاقوں سے آئیں گے ان کو انسٹی چیوشنل کورونٹائن میں رکھا جائے گا جو نان ریڈ زون علاقوں سے آئیں گے انہیں ہوم کورنٹائن میں رکھا جائے گا'۔
سمفل نے کہا کہ یونین ٹریٹری میں وائرس کے مثبت کیسز میں اچانک اضافے کے پیش نظر ہمیں زیادہ محتاط رہنا چاہئے تاکہ لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔
اس موقع پر لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کے چیف ایگزیکٹو کونسلر گیال پی ونگیال نے کہا کہ ہم نے پیر کے روز اپنے مطالبات کو لے احتجاج کیا تھا جن کو تسلیم کیا گیا ہے اور ہمیں ایک کروڑ روپے واگذار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت جب پورے ملک کی معشیت خراب ہے تو باہر پھنسے لوگ کس طرح گھر واپس آنے کا خرچہ برداشت کرسکتے ہیں۔