پلوامہ: وادی کشمیر میں محكمہ صحت اور طبی نگہداشت کو دیہی علاقوں میں معیاری بنانے کے غرض سے انتظامیہ نے کئی سال قبل مختلف علاقوں میں پرائمری ہیلتھ سینٹر قائم کئے۔ ان ہیلتھ سینٹرز كے قیام كا مقصد تھا کہ ان دیہی علاقوں میں رہنے والے افراد کو بہتر سے بہتر طبی نگہداشت فراہم کی جا سکے، ساتھ ہی وادی اور ضلع ہسپتالوں پر دباؤ کم کیا جاسکے۔
لیکن زمینی سطح پر جب ہم نظر دوڑاتے ہے تو حالات اس کے برعکس نظر آتے ہیں۔ ضلع پلوامہ میں درجنوں پرائمری ہیلتھ سینٹر میں طبی نگہداشت کے حوالے سے سہولیات کا فقدان نظر آتا ہے۔ اس سے ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو سہولیات کے بجائے مشکلات کا ہی سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ عام لوگوں كو بہتر طبی سہولیات كے لئے دور دراز كے علاقوں میں جانا پڑتاہے۔
وہیں اگر ہم ضلع پلوامہ کی بات کریں تو یہاں کے دیہی علاقوں میں پرائمری ہیلتھ سینٹرز کئی برس قبل قائم کیے گئے۔ تاہم اکثر پرائمری ہیلتھ سینٹرز سے طبی عملے کے غیر حاضر ہونے کی مسلسل شکایات موصول ہو رہی ہیں۔
سرکار کی جانب سے ضلع پلوامہ کے کوئل علاقے میں سال 2003 سے قبل ایک سب سینٹر قائم کیا تھا۔ اس کے سال 2003 میں سب سینٹر کو اپ گریڈ کر کے پرائمری ہیلتھ سینٹر بنادیا گیا۔ مقامی لوگوں نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے پرائمری ہیلتھ سینٹر کے لئے تقریباً 14 کنال زمین وقف کی۔ اس زمین کو علاقے کے لوگوں نے اپنے خرچ پر فراہم کیا تاکہ یہاں پر پرائمری ہیلتھ سینٹر کے عمارت تعمیر کی جائے۔
جبکہ مقامی لوگوں نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاكہ سال 2005 میں اس پرائمری ہیلتھ سینٹر کے لئے عمارت تو مکمل کی گئی، لیکن 2005 سے یہاں پر صرف سب سینٹر کے اسٹاف کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا اس پرائمری ہیلتھ سینٹر میں ڈاکٹر ہی نہیں ہے جب کہ کہ دوسرے پرائمری ہیلتھ سینٹر میں ڈاکٹرز موجود ہوتے ہیں، تاہم ہمارے اس علاقے کو نظرانداز کیا گیا۔ سال 2017 میں سرکار نے ڈاکٹروں کے لئے رہائشی گاہ بھی بنانے گئی تھی جو اب کتوں كی پناہ گاہ بن گئی ہے۔ اس عمارت کی کھڑکیاں تک چوری ہوچكی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:two days thangtha championship ترال میں دوروزہ تھنگتا چمپیئن شپ اختتام پذیر
انہوں نے کہا کہ تقریباً 6000 ہزار افراد اس پرائمری ہیلتھ سینٹر پر اپنا علاج کروانے کے لئے آتے ہیں لیکن اج تک انتظامیہ یہاں طبی عملے کی تعیناتی کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اس پی ایچ سی پر کوئل کے علاوہ کئی دیگر گاؤں کے لوگ بھی انحصار کرتے ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ کوئل ضلع پلوامہ میں آبادی کے لہذا سے سب سے بڑا گاؤں ہے۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ اس پرائمری ہیلتھ سینٹر پر ملازمین كی تعیناتی کو یقینی بنائیں تاکہ علاقے کے لوگوں كو اس پرائمری ہیلتھ سینٹر سے فائدہ ہو سكے۔