جموں کشمیر کے ضلع رامبن میں اتوار کے روز قصبہ بانہال کے ریلوے اسٹیشن پر درماندہ ایک ٹا ٹا موبائل گاڑی میں مقامی لوگوں نے دو افراد کو بے ہوشی کی حالت میں پایا جنہیں فوری طور سب ضلع ہسپتال بانہال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دیا۔
ابھی تک ان کی موت کی وجہ کا پتہ نہیں چل سکا ہے لیکن ایسا کہا جارہا ہے کہ دونوں کی موت شدید سردی کی وجہ سے ہوچکی ہوگی۔تاہم پوسٹ مارٹم کی رپورت موصول ہونے کے بعد ہی کوئی حتمی رائے قائم کی جاسکتی ہے۔
ہلاک شدہ افراد کی شناخت شبیر احمد (32) ولد عبد الرشید میر اورماجد گلزار(33) ولد محمد گلزار میر ساکنان ککرپورہ کپواڑہ کے طور پر ہوئی ہے۔
اس واقعے کے بعد درماندہ مسافروں نے انتظامیہ کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا وہیں لوگوں کا الزام ہے پہلے پانچ فٹ برف میں محکمہ بیکن شاہراہ کو بحال رکھتی تھی آج تعمیراتی کمپنی کی لاپرواہی کی وجہ سے درماندہ ڈرائیورز کی موت ہوگئی۔
تاہم پولیس نے قانونی کاروائی کے بعد دونوں لاشیں لواحقین کے حوالے کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ جموں-سرنیگر قومی شاہراہ کو ہفتے کے روز مختلف جگہوں پر چٹانیں و مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے بند کر دیا گیا تھا، جس کے بعد آج شاہراہ کو درماندہ گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بحال کیا گیا ہے۔