پہاڑی ضلع کشتواڑ میں سرکوٹ پوچھال سڑک پر محکمہ جل شکتی کی جانب سے پائپ لائن بچھائے جانے پر عوام نے اعتراض ظاہر کیا ہے۔
کشتواڑ کی عوام نے محکمہ جل شکتی پر پائپ لائن بچھائے جانے کے عمل میں قواعد و ضوابط کو بالائے طاق رکھنے اور غفلت برتنے کا الزام عائد کیا ہے۔
مقامی باشندوں کے مطابق ’’محکمہ کو گائڈ لائنز کے مطابق پائپ لائن دو سے تین فٹ زمین کے اندر بچھانی ہیں تاہم انہوں نے سڑک کے کنارے کنکریٹ میں پائپ لائنز بچھائی ہیں۔‘‘
مقامی باشندوں کے مطابق پائپ لائنز کو سڑک کے کنارے بچھائے جانے اور ان پر کنکریٹ ڈالنے سے سٹرک تنگ ہو گئی جس سے راہگیروں خصوصا گاڑیوں کے چلنے میں دشواریاں پیش آ رہی ہیں۔
اس ضمن میں مقامی باشندوں نے اعلیٰ حکام سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ جل شکتی قواعد و ضوابط کے ساتھ پائپ بچھانے کا کام انجام دے تاکہ عوام کو عبور و مرور میں کسی طرح کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔