ای ٹی وی بھارت کے نمائندے کے مطابق ضلع میں چند ہی بینکز کی برانچز کھلی رہتی ہیں۔ اس کے علاوہ ضلع بھر میں سبھی اے ٹی ایم سینٹر فعال نہیں ہیں جس سے عوام کو سخت پریشانی ہو رہی ہے۔
جو بھی بینکز اور اے ٹی ایم سینٹر کام کر رہے ہیں۔ ان میں بھی عوام کی زبردست بھیڑ رہتی ہے۔ اس صورتحال سے پلوامہ کے عوام کو شدید مشکلات سے دو چار ہونا پڑ رہا ہے۔
واضح رہے کہ پلوامہ کو وادی کا حساس ترین ضلع مانا جاتا ہے۔
دفعہ 370کی منسوخی کے بعد انتظامیہ کی جانب سے بندشوں اور مواصلاتی نظام کی معطلی کے بعد عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ اگرچہ وادی کے اکثر اضلاع میں سرکاری دفاتر و بینکز میں گذشتہ دنوں ملازمین و عملہ کی حاضری میں کافی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔
وہیں بینک اور اے ٹی ایم سینٹرز بھی اکثر و بیشتر پوری طرح کام کر رہے ہیں۔ تاہم ضلع پلوامہ میں صورتحال مختلف ہے، جہاں ایک ماہ سے مسلسل کشیدہ حالات کے درمیان اکثر بینک اور اے ٹی ایم سینٹر یا تو بند پڑے ہیں یا اے ٹی ایم مشینز خالی پڑی ہیں۔