اس سلسلے میں سیاہ لباس زیب تن کیے اور نعرہ حیدری کی گونجوں کے بیچ سینہ کوبی کرتے ہوئے عزاداروں نے جوں ہی سرینگر کے رعناواری میں حسن آباد کے مین چوک کی جانب پیش قدمی کی تو انہیں حفاظتی اہلکاروں نے آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی۔
اس کے باوجود عزاداروں نے جب آگے جانے کی مزید کوشش کی تو حفاظتی اہلکاروں نے انہیں بزور طاقت روک دیا اور واپس جانے پر مجبور کردیا۔
اس دوران عزاداروں اور اہلکاروں کے بیچ مختصر جھڑپوں کے دوران چند عزادار معمولی زخمی بھی ہوگئے۔
قابل ذکر ہے کہ محرم الحرام کی نسبت سے شیعہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد ہر برس کربلا کے شہیدوں کی یاد میں محفل عزا منعقد کرنے کے ساتھ ساتھ جلسے جلوسوں کا بھی اہتمام کرتے ہیں، تاہم جموں و کشمیر میں زمانہ قدیم سے ہی جلوس عزا پر پابندی عائد ہے تاہم ہر برس عزادار بندشوں اور قدغنوں کا دفاع کرتے ہوئے جلوس عزا برآمد کرتے ہیں تاہم حسب روایت انہیں اس کی اجازت نہیں دی جاتی۔