مرکز کے زیرانتظام ریاست جموں و کشمیر کے کرگل سے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو کونسلر فیروز احمد خان کی سربراہی میں لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کے ایک وفد نے گذشتہ دنوں ضلع لیہ کا تین روزہ دورہ کیا۔
اس دوران چیرمین و چیف ایگزیکٹو کونسلر فیروز احمد خان کے ہمراہ ایگزیکٹو کونسلر برائے صحت و زراعت محمد علی چندن بھی اس وفد میں موجود تھے۔
دورے کے دوران وفد نے ہل کونسل لیہ کے اراکین سمیت مرکز کے زیر انتظام لداخ کے تمام اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کی۔
روز اول وفد نے لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہ کے اراکین سے ملاقات کی اور مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
دراین اثناء مشترکہ اجلاس میں لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کے کردار اور ذمہ داریوں کے حوالے سے مختلف اہم اور کلیدی امور پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔
اس دوران اجلاس میں متفقہ طور پر طے پایا کہ دونوں ہل کونسلز کے زریعہ یوٹی لداخ کے لفٹیننٹ گورنر کے ساتھ لداخ سے جڑے تمام معاملات کو مشترکہ طور اٹھائے جائیں گے۔
اجلاس میں لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل ایکٹ کے تناظر میں تمام سرکاری اداروں کے دائرہ اختیار کو واضح کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
مشترکہ اجلاس میں ڈومیسائل قانون پر بحث کرتے ہوئے کہا کہ ڈومیسائل قانون کی تشکیل فوری طور پر نافذ کی جائے اور اس قانون کی نافذالعمل تک کوئی بھی ریکروڈمنٹ نہ کی جائے۔
مشترکہ اجلاس کے دوران مختصر کاروباری سیزن کے بعد ٹینڈرنگ کے عمل میں نرمی، کاروباری قوانین کی تشکیل، ملازمین کی تبادلہ اور پوسٹنگ، ایس آر او 202 کی مکمل منسوخی، رہبر کھیل اساتذہ کی مستقلی، اول جماعت سے نویں جماعت تک کے طلبا کو ماس پرموشن، جموں و کشمیر بینک میں مقامی نوجوانوں کی بھرتی، یوٹی جموں و کشمیراور ملک کے دیگر پروفیشنل کالجز میں خصوصی ریزرویشن سمیت دیگر کئی اہم مدعوں پر بھی بحث ومباحثہ کیا گیا۔
مکمل بحث و مباحثے کے بعددونوں ہل کونسل کے مشترکہ وفد نے لیفٹیننٹ گورنر لداخ آر کے متھر سے ملاقات کی۔
اس موقع پر ایل جی کے مشیر امنگ نارولا، کمشنر سکریٹری لداخ رگزن سمفیل، ڈویژنل کمشنر لداخ سوگت بسواس کے علاوہ دیگر سینیئر آفیسران بھی موجود تھے۔
ایل جی لداخ نے دونوں ہل کونسل کے ذریعہ اٹھائے گئے تمام اہم معاملات کو غور سے سننے کے بعد کچھ اہم معاملات کو جلد ازالہ کرنے کے لیے متعلقہ آفیسران کو موقع پر ہی ہدایت دی۔
دراین اثنا مشترکہ وفد نے لفٹیننٹ گورنر لداخ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈومیسائل قانون کی تشکیل، ملک کے مختلف پروفیشنل کالجز میں ریزرویشن، ایل اے ایچ ڈی سی ایکٹ کو پی ایف ایم ایس میں شامل کرنے جیسے اہم معاملات کو مرکزی وزیر داخلہ کے ساتھ اٹھائے جانے کی مانگ کی۔
مشترکہ وفد کے دوران لداخ کے ملازمین کے تبادلے اور پوسٹنگ کے معاملے کے حوالے سے ایل جی لداخ نے موقع پر ہی مشیر امنگ نارولا کو ہدایت دی کہ وہ دونوں ہل کونسل سے مناسب مشاورت کرکے یو ٹی لداخ کے تمام ملازمین کی تبادلہ اور پوسٹنگ کے سلسلے میں ایک واضح طور پالیسی پندرہ دنوں کے اندر مرتب کریں۔
ایس آر او 202 کے منسوخی کے متعلق بات کرتے ہوئے ایل جی نے مشترکہ وفد کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ پہلے سکریٹری قانون کو بھیج دیا گیا ہے۔
دراین اثناء مشترکہ وفد نے ایل جی لداخ سے درخواست کرتے ہوئے ایس آراو 202 کو مکمل طور پر منسوخ کیے جانے کی مانگ کی۔