جہاں جموں و کشمیر کے دورے پر آئے وزراء نے مرکز کے زیر انتظام علاقے کی ہر سطح پر ترقی کا دعویٰ کیا ہے وہیں آج وادی کی عوام بھی آنے والے بجٹ پر اُمید لگائے بیٹھے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے مقامی شہری خالد معراج کا کہنا ہے کہ " ہماری امیدیں اکثر ٹوٹ جاتی ہیں۔ وعدے کبھی پورے نہیں ہوتے۔ گزشتہ 6 ماہ سے کام کاج نہ کے برابر ہے تاہم اُمید ہے کہ آنے والے بجٹ میں کشمیر کے لیے خصوصی امداد کا اعلان کیا جائے۔"
کشمیر اکانومک الائنس کے صدر فرحان کتب کا ماننا ہے کہ "وادی میں پانچ اگست کے بعد پیدا شدہ صورتِحال سے تاجر طبقے کو کافی نقصان برداشت کرنا پڑا۔ اب ایسے میں اگر بجٹ میں کچھ سپیشل پیکج مل جاتا تو کچھ حد تک بھرپائی ہو جاتی۔ "
جہاں مقامی شہری شبیر احمد اور اعجاز بھٹ کا کہنا تھا کہ "بجٹ میں ہر سال وادی کے لیے کچھ نہ کچھ ہوتا ہے لیکن یہاں کے بدعنوان سیاستدانوں کی وجہ سے زمین پر کچھ نہیں ہو پاتا۔ اب اُمید ہے کہ ترقی ہوگی۔"
وہیں وومینز کالج کی طالبہ منتہا طارق کا کہنا ہے کہ "تعلیم کے لیے کچھ ہونا چاہیے۔ یہاں ابھی بھی تعلیم کے تعلق سے بنیادی ڈھانچے کا فقدان ہے۔ طلباء کو ملک کے بقیہ حصوں میں تعلیم حاصل کرنے جانا پڑتا ہے۔ اور غریب خاندان سے تعلق رکھنے والا طالب علم ایسا نہیں کرسکتا اور اس کی تعلیم ادھوری رہ جاتی ہے۔"
اُن کا مزید کہنا تھا کہ "خواتین کی صحت اور صفائی کے لیے بھی ٹھوس اقدامات ہونے چاہیے۔ گاؤں دیہات میں رہنے والی خواتین اکثر طبی سہولیات مہیا نہ ہونے کی وجہ سے دم توڑ دیتی ہیں۔ اس لیے خواتین کی صحت کے تعلق سے بجٹ میں ضروری اقدمات ہونے چاہیے۔"