اطلاعات کے مطابق زلزلے کی وجہ سے جموں و کشمیر بینک کی عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ جموں و کشمیر بینک کی عمارت قابل استعمال نہیں رہی۔بھلیسہ میں بھی زلزلے کی وجہ سے کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹ کے مطابق لوگ زلزلے کے جھٹکے محسوس کرنے پر اپنے گھروں سے باہر نکل کر محفوظ مقام پر پہنچ گئے۔ اس دوران رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ بھلیسہ میں تھانتھ سرکاری مڈل اسکول کی دیوار میں شگاف پڑ گیا جبکہ دو مکانوں اور جموں و کشمیر بینک کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے یواین آئی کو بتایا کہ زلزلے کا مرکز 32.9 ڈگری شمالی عرض بلد اور 76.0 مشرقی طول بلد پر زمین کی سطح سے پانچ کلومیٹر کی گہرائی میں تھا ۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر اور ہماچل پردیش کے سرحدی علاقے چمبہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔
ڈوڈہ کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ ممتاز احمد نے کہا کہ زلزلے کے جھٹکے پورے ضلع میں محسوس کئے گئے اور جبکہ انتظامیہ زلزلے سے ہوئے نقصانات کا تخمینہ لگا رہی ہے ۔