نیشنل کانفرنس کے سینئیر رہنما اکبر لون کا کہنا ہے کہ' جموں و کشمیر گورنر انتظامیہ نے ہمیں کئی بار کہا کہ نیشنل کانفرنس کے رہنما ڈاکٹر مصطفیٰ کمال اور عومی نیشنل کانفرنس کے رہنما خالدہ شاہ اور مظفر شاہ کو ںظر بند نہیں رکھا گیا ہے۔'
اکبر لون نے کہا کہ جب ہم یہاں پریس کانفرس کے لیے آئے، ہم نے دیکھا کہ انہیں گھر میں ہی نظر بند رکھا گیا ہے۔ انتظامیہ نے انہیں پریس کانفرنس کرنے کی اجازت نہیں دی۔'
قابل ذکر ہے کہ خالدہ شاہ جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ کی بہن اور ڈاکٹر مصطفیٰ کمال ان کے بھائی ہیں۔مظفر شاہ، خالدہ شاہ کے فرزند ہیں۔ کمال اور مظفر شاہ کی رہائش گاہیں مولانا آزاد روڑ پر ایم ایل اے ہوسٹل کے متصل واقع ہیں۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے سے قبل ہی انتظامیہ نے ہند نواز سیاسی پارٹیوں کے سربراہان سمیت کئی رہنماؤں کو حراست میں رکھا ہے۔ ان رہنماؤں میں جموں و کشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی شامل ہیں۔