بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کی طرف سے جاری کردہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق دسویں جماعت کے امتحانات اس مہینے کی 29 تاریخ سے شروع ہو کر 16 نومبر کو ختم ہوں گے جبکہ بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات 30 اکتوبر سے شروع ہوکر 28 نومبر کو اختتام پذیر ہوں گے۔
واضح رہے کہ متعلقہ حکام کے مطابق رواں برس دسویں جماعت کے 65 ہزار جبکہ بارہوں جماعت کے 48 ہزار طلبا سالانہ امتحانات میں شرکت کر رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ 'دسویں جماعت کے امتحانات کے انعقاد کے لیے 6 سو15 سینٹرز جبکہ بارہویں جماعت کے امتحانات کے انعقاد کے لیے 4 سو 33 سینٹرز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔'
ادھر دونوں جماعتوں کے طلبا اور والدین نے متعلقہ محکمہ کی طرف سے امتحانات کے انعقاد کے لیے جاری کردہ ڈیٹ شیٹز پر اظہار حیرانگی کی ہے۔
دسویں جماعت کی ایک طالبہ نے کہا کہ 'جاری کردہ ڈیٹ شیٹ سے ہم حیرت میں پڑگئے ہیں اور ہماری ذہنی پریشانی میں مزید اضافہ بھی ہوا۔ ہم نے نصف سے بھی کم نصاب مکمل کیا ہے، امتحانی پرچے کیسے ہوں گے کتنے نصاب پر مشتمل ہوں گے ہمیں کچھ بھی معلوم نہیں ہے'۔
ایک اور طالب علم نے کہا کہ 'میں حیران ہوں کہ ہم امتحان کس طرح دیں گے۔ امتحان دینے کے لیے جانا بھی موجودہ حالات میں ایک مشکل بات ہے کیونکہ پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب ہے'۔
بارہویں جماعت کے ایک سائنس اسٹریم کے طالب علم نے کہا کہ 'ہم نے ابھی پریکٹیکل بھی نہیں کیے ہیں۔ نصاب کا نصف حصہ بھی مکمل نہیں ہوا ہے اور بورڈ نے ڈیٹ شیٹ جاری کیا۔'
قابل ذکر ہے کہ وادی میں گزشتہ دو ماہ سے تعلیمی سرگرمیاں معطل ہیں اگرچہ انتظامیہ نے کالج سطح تک تعلیمی ادارے کھولنے کے اعلانات کیے ہیں۔ تعلیمی اداروں میں عملہ تو رہتا ہے لیکن طلبا کلاس رومز میں دکھائی نہیں دیتے ہیں۔