کریٹا کار کے زیر نمبر JK01AA-9863 جموں سے سرینگر کی جانب جارہی تھی کہ شاہراہ کے ماروگ کے مقام پر ایک پتھر اونچی پہاڑی سے کھسک کر گاڑی پر آ گرا جس کے نتیجہ میں گاڑی کا ڈرائیور موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرا شخص شدید زخمی ہوگیا۔۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی رضاکاروں نے بچاؤ مہم شروع کر کے بڑی مشقت کے بعد زخمی اور لاشں کو گاڑی سے نکال کر ضلع ہسپتال رامبن منتقل کیا، جہاں ہلاک ہونے والے کی شناخت 30 سالہ وسیم احمد آزاد ولد معراجِ الدین آزاد باشندہ منورآباد قائم چوک سرینگر ہوئی، جبکہ زخمی کی شناخت 34 سالہ منظور احمد ولد علی محمد ساکنہ منورآباد قایم چوک سرینگر ہوئی۔
ان کو نیم علاج کے بعد گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال سرینگر ریفر کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:دوسرے روز بھی کشمیر میں عام زندگی متاثر
قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد لاش کو وارثین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔یہ حادثہ دن کے قریب دو بجے پیش آیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے میں ضلع رامبن کے اندر یہ تیسرا حادثہ ہے اور عوام حادثات میں لگاتار جانیں گنوا رہی ہیں۔
وہیں ایس ایس پی رامبن حسیب الرحمن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ضلع رامبن میں جاری تعمیراتی کام کی وجہ سے چٹانیں کھسکنے کے حادثے پیش آرہے ہیں۔عوام سے موسم خراب ہونے کی صورت میں شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے، تاکہ ایسے ناگہانی حادثات سے بچا جاسکے۔
وہیں رامبن پولیس معاملہ درج کرکے تفتیش کررہی ہے۔