جموں و کشمیر میں کورونا وائرس پھیلنے کے بعد آج پہلی بار مرکزی خطے کے تین اضلاع میں ایک بھی مثبت کیس سامنے نہیں آیا ہے۔ ان اضلاع میں جنوبی کشمیر کے دو اور جموں صوبے کا ایک ضلع شامل ہیں۔
جموں و کشمیر انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ میڈیا بلیٹن کے مطابق بدھ کے روز 126 نئے کورونا وائرس کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں اور اس طرح متاثرین کی تعداد بڑھ کر 1،22،049 ہو گئی ہے۔
میڈیا بلیٹن کے مطابق آج جنوبی کشمیر کے دو اضلاع اننت ناگ اور کولگام جبکہ جموں صوبے کے ریاسی ضلع میں ایک بھی کورونا مثبت کیس درج نہیں کیا گیا۔ ان اضلاع میں کوئی مثبت کیس درج نہ ہونے سے کچھ حد تک راحت مل گئی ہے۔
تازہ ترین کیسز میں سے 73 جموں صوبے سے اور 53 وادی کشمیر سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ جموں ضلع میں سب سے زیادہ 48 معاملات ریکارڈ ہوئے ہیں۔ اس کے بعد سرینگر ضلع میں 23 معاملات رپورٹ ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جموں اور سرینگر کے علاوہ گاندربل واحد ضلع تھا جہاں پچھلے 24 گھنٹوں میں 10 سے زائد کورونا کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔
وہیں مرکزی علاقے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تین مریضوں کی موت ہوگئی جن کا تعلق وادی کشمیر سے ہے۔