جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کے روز جموں کے مبارک منڈی کمپلیکس کا دورہ کیا اور ہیریٹیج کمپلیکس میں ہونے والے تحفظ اور بحالی کے کاموں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مبارک منڈی کمپلیکس کے مختلف حصوں کا ایک دورہ کیا اور ہیریٹیج کمپلیکس کی جاری بحالی اور تزئین و آرائش کے کاموں کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ طلب کی۔
ان کے ہمراہ میوزیم کے سکریٹری / سی ای او ڈیولپمنٹ راگھویندر سنگھ، مرکزی وزارت ثقافت، چیف سکریٹری بی وی آر سبرامنیم اور لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سکریٹری نتیشور کمار بھی موجود تھے۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق مبارک منڈی ہیریٹیج سوسائٹی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر دیپیکا شرما نے منوج سنہا کو جاری بحالی کے کام کی حیثیت کے علاوہ ڈوگرا آرٹ میوزیم کی بحالی، تاریخی ریکارڈز کے تحفظ اور اہم اجزاء سے متعلق کئی دیگر اہم امور سے آگاہ کیا۔
بعدازاں مبارک منڈی جموں کی بحالی اور تحفظ کے بارے میں تبادلہ خیال کے لئے راج بھون میں ایک اعلی سطحی اجلاس ہوا۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی زیر صدارت بھارت کی آزادی کی 75 ویں سالگرہ منانے کے لئے قومی عمل آوری کمیٹی (این آئی سی) کے پہلے اجلاس کے دوران ہیریٹیج کے مقامات اور تاریخی اہم مقامات کے تحفظ اور بحالی کے لئے ایک جامع منصوبے کو پہلے ہی اصولی منظوری دے دی گئی ہے
منوج سنہا نے سکریٹری ثقافت حکومت ہند سے کہا کہ وہ اگلے 10 دن میں وزارت ثقافت کے ماہرین کی ایک ٹیم بھیجے تاکہ ہیریٹیج کی جگہ کے لئے لائٹنگ سسٹم سمیت تحفظ اور بحالی کے لئے ایک جامع ماسٹر پلان تیار کیا جاسکے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مشاہدہ کیا کہ مبارک منڈی میں کچھ حصوں کی بحالی کا کام ہوچکا ہے لیکن اس تعمیراتی ہیریٹیج کے لئے ماہرین تحفظ پسندوں اور چوبیس گھنٹے نگرانی پر مشتمل ایک جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے تاکہ اسے وقتاً فوقتاً بحال کیا جاسکے۔