جموں و کشمیر پولیس نے اتوار کے روز بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) انسٹی ٹیوٹ لمیٹیڈ کے ساتھ پولیس اہلکاروں کے وارڈز میں اسکل ڈیولپمنٹ ٹریننگ کورسز کے لیے میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ پر دستخط کیے۔
ایک پولیس ترجمان نے کہا کہ جے اینڈ کے پولیس (جے کے پی) اور بی ایس ای انسٹی ٹیوٹ لمیٹیڈ (بی آئی ایل) کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) امبریش دتہ کی جانب سے اے آئی جی ویلفیئر منوج کمار پنڈت نے جموں میں ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ کی موجودگی میں میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ پر دستخط کیے۔
میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ(ایم او یو) جموں و کشمیر پولیس کے عہدیداروں کے بچوں کی تربیت ، ڈیزائن کورسز اور سپورٹ کے تعاون کے لیے ہے۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ اس معاہدے کا مقصد پولیس اہلکاروں کے بچوں کی صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔ اس معاہدے کے تحت، بی آئی ایل مقررہ رہنما خطوط کے مطابق کورس، ٹریننگ ، تشخیص اور ٹرینیوں کی سرٹیفیکیشن تیار کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس معاہدے میں نوجوانوں، خواتین اور دیگر اہل امیدواروں کے لیے روزگار، مہارت اور پائیدار معاش پیدا کرنے کے لیے ہنر مندی کے پروگراموں کا احاطہ کیا جائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ ' اس معاہدے کے تحت، بی آئی ایل پولیس کے دائرہ اختیار میں اسکولوں کو بینکاری اور مالیاتی منڈیوں اور انشورنس کورسز کے لئے پیشہ وارانہ مہارت متعارف کروانے میں مدد فراہم کرے گا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے دلباغ سنگھ نے کہا کہ شراکت کا آغاز اس وقت ہوا جب نوجوانوں کے ملازمت کو فروغ دینے کے لئے بی ایس ای انسٹی ٹیوٹ لمیٹڈ (بی آئی ایل) ایک مرکزی علاقائی سطح کی تقریب کے لئے آیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ' بات چیت کے دوران ہمیں معلوم ہوا کہ بی ایل ملک کے مختلف حصوں میں نوجوانوں کی ہنرمندی کی ترقی میں کام کر رہا ہے اور وہ ہلاک شدہ پولیس اہلکاروں اور سرگرم پولیس اہلکاروں کے بچوں کے لئے تربیتی پروگرام کرنے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو مزید مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا حصہ پیش کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'جموں و کشمیر پولیس کو بھی اس طرح کی کوششوں کے لیے ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔
امبریش دتہ نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس ملک کی بہادر افواج میں سے ایک ہے اور اس کے ساتھ شراکت میں بی آئی ایل کو اعزاز حاصل ہے۔