جموں و کشمیر میں گزشتہ برس منعقد ہوئے ضلع ترقیاتی کونسل کے انتخابات میں کانگریس اور آزاد اتحاد کے درمیان رامبن ضلع میں مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ تاہم رامبن ضلع میں کانگریس محض دو نشستوں پر جیت حاصل کر پائی۔
ضلع رامبن کی بانیہال اسمبلی حلقے سے کانگریس کے رہنما وقار رسول مسلسل تین بار منتخب ہوئے جبکہ ڈی ڈی سی انتخابات میں رامبن میں کانگریس کی کارکردگی پر سیاسی رہنماوں نے سوالیہ نشان کھڑے کیے۔
اس ضمن میں ای ٹی وی بھارت نے رامبن ضلع کے کانگریس کے سینیئر رہنما اور ڈی ڈی سی ممبر بشیر احمد نائک سے ردعمل جاننے کی کوشش کی تو انہوں نے کہا کہ 'سیاست میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے۔ تاہم کانگریس آنے والے اسمبلی انتخابات میں بہتر کارکردگی کر کے سامنے آئے گی۔'
وہیں انہوں نے آزاد اتحاد کی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ آزاد امیدوار نے زمینی سطح پر آج تک عوام کا ایک بھی کام نہیں کیا۔
نام لیے بغیر بشیر احمد نائک نے آزاد اتحاد کے صدر بشیر رونیال پر الزام عائد کیا کہ 'وہ ہر برس نئی سیاسی جماعتوں میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں جبکہ لوگوں کے لیے کام نہیں کرتے، وہ محض لوگوں کو جھوٹ بول کر ووٹ مانگتے ہیں جبکہ کانگریس نے عوام کی بہتری کے لیے ہمیشہ کام کیا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ کونسلر بنانے کے بعد انہوں نے عوامی مسائل انتظامیہ تک پہنچانے کی ہمیشہ کوشش کی ہے۔
ضلع رامبن میں ڈی ڈی سی انتخابات میں نو منتخب ممبران کو حلف لینے کے بعد بی جے پی کے ضلع صدر کے بیان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے آزاد اتحاد نے کسی بھی پارٹی کو حمایت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے بلکہ دیگر پارٹیوں کے نو منتخب ممبران کو بلا شرط حمایت کرنے کی دعوت دی ہے۔
جموں و کشمیر کے ضلع رامبن میں آزاد اتحاد کے سرپرست بشیر احمد رونیال نے پریس کانفرنس میں ضلع کی تعمیر و ترقی کے لیے کانگریس، بی جے پی اور نیشنل کانفرنس کے منتخب ممبران کو بلا شرط حمایت کرنے کی دعوت دی ہے۔