مرکزی حکومت نے جمعرات کے روز جموں و کشمیر کیڈر آف سول سروسز کو اے جی ایم یو ٹی (اروناچل پردیش، گوا اور میزورم مرکزی علاقوں) میں ضم کردیا ہے۔
وزارت قانون و انصاف کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ 2019 کی دفعہ 13 اور 88 میں ترمیم کی گئی ہے اور اب سے تمام افسران مرکزی حکومت کے وضع کردہ قواعد و ضوابط کے مطابق کام کریں گے۔
نوٹیفکیشن میں لکھا گیا ہے کہ' جموں و کشمیر تنظیم نو قانون کے سیکشن 88 کی دفعات (2) سے (6) کے لئے درج ذیل سب سیکشنز داخل کیے جائیں گے۔'
نئے شامل کردہ حصے میں جموں و کشمیر کے موجودہ کیڈر کیلئے انڈین ایڈمنسٹریشن سروس، انڈین پولیس سروس اور انڈین فارسٹ سروس کے ارکان اے جی ایم یو ٹی کیڈر کا حصہ ہوں گے اور مستقبل میں انہیں جموں و کشمیر کی سول خدمات کے لیے مختص کیا جائے گا۔
اس میں مزید یہ بھی لکھا گیا ہے کہ اے جی ایم یو ٹی کے تحت افسران مرکزی حکومت کے تیار کردہ قواعد کے مطابق کام کریں گے۔
مرکزی حکومت کی جانب سے دفعہ 370 کے تحت جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرنے اور ابتدائی ریاست کو دو مرکز علاقوں میں تقسیم کرنے کے مہینوں بعد اکتوبر 2019 میں جموں و کشمیر تنظیم نو قانون کو عمل لایا گیا تھا۔