ڈوڈہ: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ ضلع میں واقع گورنمنٹ میڈیکل کالج کے طلباء نے آج اپنی کلاسز کا بائیکاٹ کرتے ہوئے مختلف مطالبات کو لے کر گیٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی عدم توجہی کے سامنے انہیں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مطاہرین نے کالج انتظامیہ سے بات چیت کرنے کی مانگ کی۔
یہ احتجاج ان کے مطالبات کو پورا کرنے میں انتظامیہ کی مبینہ ناکامی کے خلاف کیا گیا ہے جس میں ہموار بجلی اور پینے کے پانی کی فراہمی اور کیمپس میں باڑ لگانا شامل ہے۔ طلباء اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگا رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ بار بار کی درخواستوں کے باوجود انتظامیہ ان کے مطالبات پورے کرنے میں ناکام رہی ہے۔ فیکلٹیوں میں معمول کا کام متاثر ہوا کیونکہ طلباء نے اپنی کلاسز کا بائیکاٹ کیا اور صبح کالج کی عمارت کے سامنے جمع ہو کر احتجاج شروع کر دیا جو یہ خبر درج کرنے کے دوران جاری تھا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احتجاجی طلباء کا کہنا تھا کہ کیمپس میں باڑ نہ لگنے کی وجہ سے اندر جنگلی جانور گھوم رہے ہیں اور طلباء آزادانہ نقل و حرکت نہیں کر پا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: poor Cellular Facilities in Tral Villages کملا اور برن پتھری ترال میں مواصلاتی سہولیات کا فقدان
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ فلٹریشن پلانٹس کام نہ کرنے کی وجہ سے کیمپس کو آلودہ پانی فراہم کیا جاتا ہے جس سے اکثر طلباء کی صحت متاثر ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے باوجود گرمی کے ان دنوں میں بجلی منقطع رہتی ہے۔ جب پرنسپل جی ایم سی ڈاکٹر پوجا سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ حکام پہلے ہی ان تمام مطالبات پر غور کر چکے ہیں اور انہیں بغیر کسی تاخیر کے پورا کرنے کے لیے کام جاری ہے۔