تاہم سرکاری محکموں خاص کر میونسپلٹی حکام کی جانب سے منفرد و صحت افزا مقامات کے متصل ڈمپنگ سائیٹس بنائی گئی ہیں۔جس کی اور ایک تازہ مثال جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے سیاحتی مقام اچھہ بل میں مل رہی ہے۔
ضلع اننت ناگ کا اچھہ بل علاقہ پرُکشش مغل باغات، سر سبز جنگلات اور صاف و شفاف چشموں جیسے نعمتوں سے لیس ہے۔میونسپل کمیٹی کی جانب سے اس پُر فضا مقام کی جانب جانے والی واحد شاہراہ کے کنارے ایک ڈمپنگ سائٹ قائم کی گئی ہے۔
قصبہ اچھہ بل کا سارا کوڑا کرکٹ اس جگہ پر ڈالا جاتا ہے اور یہ عمل میونسپل کمیٹی کی جانب سے کئی برسوں سے جاری ہے۔
اس ڈمپنگ سائٹ سے نہ صرف علاقہ کی خوبصورتی پر برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں بلکہ اس سے نکلنے والی بدبو کی وجہ سے کئی طرح کی بیماریاں پھوٹ پڑنے کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔ شاہراہ کے کنارے پر موجود اس ڈمپنگ سائٹ پر آوارہ کتوں کی ہڑبونگ کے سبب راہگیر خاص کر اسکولی بچے اور بزرگ افراد چلنے پھرنے سے خوف محسوس کرتے ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعلقہ حکام سے کئی بار اس ڈمپنگ سائٹ کو شہر سے دور کسی دوسری جگہ منتقل کرنے کی درخواست کی تاہم وہ ٹس سے مس نہیں ہو رہے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت نے جب یہ معاملہ میونسپل کمیٹی اچھہ بل کی نوٹس میں لایا تو متعلقہ محکمہ کے سکریٹری بشیر احمد نے کہا کہ ڈمپنگ سائٹ واقعی میں غلط جگہ پر ہے۔ اس لئے اس مسئلہ کو سنجیدگی سے لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈمپنگ سائٹ کو شہر سے باہر دوسری جگہ منتقل کرنے کے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس کے لئے اراضی کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔
انہوں نے آنے والے دو تین ماہ کے اندر ڈمپنگ سائٹ کا مسئلہ حل ہونے کی یقین دہانی کی۔