مرکز کے زیرانتظام ریاست جموں و کشمیر کے جنوبی کشمیر علاقے ترال میں واقع گامراج گاؤں کی آبادی پی ایم جی ایس وائی محکمے کی کارکردگی سے نالاں نظر آرہی ہے۔
اس ضمن میں گامراج ترال کی آبادی نے محکمے کے خلاف خاموش احتجاج کیا اور انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ان کے خستہ حال سڑک کو فوری طور پر بنایا جائے۔
مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ وہ ترال ٹاؤن سے محض دو کلومیٹر کی دوری پر واقع ہیں اور ترال علاقے میں دور دراز دہیات کی سڑکوں کی تعمیر وتجدید کا عمل مکمل کیا گیا ہے لیکن اس گاؤں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔
ایک مقامی شھری نے بتایا کہ اس سڑک پر جگہ جگہ گڈھے بن گئے ہیں اور آبادی اپنے گھروں کے اندر محصور ہو کر رہ گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سڑک پر پی ایم جی ایس وائی محکمے کی طرف سے کئی بار کام شروع تو کیا گیا لیکن بعد ازاں نامعلوم وجوہات کی بنا پر کام روک دیا گیا۔
واضح رہے کہ عوام نے ایل جی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ گامراج گاؤں کی سڑک کی خستہ حالی کو دور کرنے کے لیے احکامات جاری کریں۔