جموں و کشمیر اکیڈمی آف یونیفائیڈ مارشل آرٹس کے زیر اہتمام چار روزہ سرمائی کیمپ بدھ کو وادی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں شروع ہوا ہے۔
اس کیمپ کا انعقاد مارشل آرٹس کے ذریعہ صحت کو فروغ دینے اور فلیگ شپ پروگرام 'ڈرگ آؤٹ، اسپورٹس ان' کے تحت نشے کے عادی اثرات کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لئے کیا گیا ہے۔
اکیڈمی گذشتہ ایک برس سے وادی کشمیر بھر میں مختلف اسکولوں اور کالجوں میں سیمینار کا انعقاد کر رہی ہے تاکہ منشیات کی لت اور اس کے مضر اثرات کے بارے میں شعور اجاگر کیا جاسکے۔
اکیڈمی نے کہا کہ موسم سرما اور گرما میں کمپز کے انعقاد کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو کیمپنگ کی خوشی کا تجربہ کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
اکیڈمی کا کہنا ہے کہ ' چونکہ یہ قومی کیمپ ہے لہذا یہ ہمارے کھلاڑیوں کو ملک کے دیگر حصوں سے آنے والے نوجوانوں کے ساتھ بات چیت کرنے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔'
کیمپ کے دوران اکیڈمی کا ارادہ ہے کہ وہ نہ صرف شرکا کو مارشل آرٹس کی تربیت فراہم کرے بلکہ منشیات کے عادی اثرات کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لئے سیمینارز اور انٹرایکٹو سیشنز کا انعقاد کرے۔
اکیڈمی کے ایک ممبر نے کہا کہ ' کیمپ میں 160 شرکاء ہیں۔ مارشل آرٹس کے ذریعے صحت مند زندگی کو فروغ دینا اور منشیات کے مضر اثرات اور متاثرین کے اہل خانہ پر اس کے اثرات کے بارے میں شعور اجاگر کرنا کیمپ کے دوران بنیادی توجہ ہے۔'