جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں کووڈ 19 کے مشتبہ مریضوں کی جانچ کے لیے نمونے حاصل کرنے کی غرض سے پانچ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔
یہ مراکز بٹوت کشتواڑ قومی شاہراہ اور ڈوڈہ کے داخلی راستہ عسّر، سب ضلع بھدرواہ، گندو اور کشتواڑ شاہراہ پر واقع ٹھاٹھری اور صدر مقام ڈوڈہ میں قائم کئے گئے ہیں ۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اِن پانچ مراکز میں یومیہ سات تا ایک ہزار افراد کے نمونے حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ اِن نمونوں کو جانچ کے لیے پھر جموں بھیجا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ ڈوڈہ تاحال گرین زون کے زمرے میں شامل ہے کیونکہ یہاں کوئی بھی کورونا وائرس کا مثبت کیس درج نہیں ہوا ہے ۔
انتظامیہ نے بیرون ریاستوں سے واپس لائے گئے افراد کو مقامی سطح پر قائم کئے گئے قرنطینہ مراکز میں رکھا ہے اور ابھی تک ہزاروں کی تعداد میں بیرون ریاست سے واپس لائے گئے لوگوں کے نمونے حاصل کئے گئے ہیں جس کے بعد اُن کو اپنے گھروں کی طرف بھیج دیا گیا ہے ۔
قرنطینہ مراکز میں مدّت مکمل کرنے کے بعد لوگوں کی گھر واپسی کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ نے کووڈ ۔19 کے نمونے حاصل کرنے کے مراکز کی تعداد کو بڑھا کر پانچ تک پہنچا دیا ہے جس سے اب نمونے حاصل کرکے نتائج کے لئے جموں بھیجے جا رہے ہیں۔