جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے کاکہ پورہ علاقے میں منگل کی صبح سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم میں دو فوجی اہلکار زخمی ہوئے جبکہ عسکریت پسند فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پلوامہ کے مرول کاکہ پورہ میں سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسند کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج ومعالجہ کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
قبل ازیں ذرائع کے مطابق عسکریت پسندوں کے چھپنے کی اطلاع موصول ہونے پر فوج کی 50 آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے مرول کو منگل کی صبح محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن اس وقت تصادم آرائی میں تبدیل ہوا جب ایک جگہ پناہ لئے عسکریت پسندوں نے ایک تلاشی ٹیم پر اندھا دھند گولیاں برسائیں۔
تاہم ذرائع کے مطابق عسکریت پسند سیکورٹی فورسز کا محاصرہ توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جس کے بعد فورسز نے آپریشن کو ختم کرنے کا اعلان کیا۔