شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کی وادی گریز کے نیرو گاؤں میں ایک بزرگ شخص کو کئی گھنٹوں تک برف کے نیچے دب جانے کے بعد بچایا گیا۔
سرکاری ذرائع نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ نیرو گاؤں میں مزکورہ شخص اپنے گاؤ خانے کے باہر کچھ کام کر رہا تھا کہ اچانک وہ برف کی زد میں آگیا۔
مزکورہ شخص کو بعدازاں مقامی لوگوں نے کچھ گھنٹوں کے بعد بازیاب کرایا اور اسے مزید طبی امداد کے لیے قریبی صحت مرکز لایا گیا جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جموں وکشمیر ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے جموں وکشمیر کے برفانی تودے سے متاثرہ علاقوں میں ہائی لیول(اعلی درجے )کے برفانی تودے کی وارننگ جاری کردی ہے۔
حکام نے ضلع پونچھ، راجوری، رامبن، جواہر ٹنل، ڈوڈہ، کشتواڑ، اننت ناگ، کولگام، بارہمولہ، بانڈی پورہ میں اعلی درجے کے برفانی تودے کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔
اسی طرح راجوری، ادھمپور ، گاندربل اور ریاسی اضلاع میں درمیانے درجے کے برفانی تودے کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔