جموں میں آج سخت گیر موقف رکھنے والے ڈوگرہ فرنٹ کے کارکنوں نے اشوک گھپتا کی قیادت میں رانی پارک علاقے میں امریکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آمد پر جشن منایا۔ڈوگرہ فرنٹ کے کارکنوں نے ڈھول نگاڈے بجاکر امریکہ صدر کا ہندوستان آنے پر خیر مقدم کیا۔
اس موقہ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ڈوگرہ فرنٹ کے صدر اشوک گھپتا نے کہا کہ آج دنیا کے سب سے بڑے دو عظیم لیڈر آپس میں مل رہے ہیں اور اس ملاقات سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور دوستی مزید بہتر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عسکریت پسندوں کو بڑھاوا دینے اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف بین الاقوامی سطح پر موثر موقف بنانا لازمی ہیں۔
واضح رہے صدر ٹرمپ آج ملک کی مشرقی ریاست گجرات میں دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم سردار پٹیل کرکٹ اسٹیڈیم (موتیرا اسٹیڈیم) بھی گئے جہاں انہوں نے 'نمستے ٹرمپ' تقریب سے خطاب کیا۔
اس اسٹیڈیم میں ایک لاکھ دس ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ ایئرپورٹ سے اسٹیڈیم جانے والے راستے پر امریکہ اور بھارت کے پرچم لگائے گئے ہیں اور مختلف مقامات پر بڑے بڑے بل بورڈز آویزاں کیے گئے ہیں جس میں صدر ٹرمپ اور بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کی تصاویر نمایاں ہیں۔
مقامی انتظامیہ نے ایئرپورٹ سے کرکٹ اسٹیڈیم تک 22 کلو میٹر طویل سڑک کے اطراف 'روڈ شو' کا بھی اہتمام کیا ہے جس میں بھارت کی ثقافت اُجاگر کی گئی۔