جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں ضلع ترقیاتی کونسلر حلقہ گھٹ گلشن آرا نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ غریب لوگوں کو موجودہ مشکلات کے بھنور سے باہر نکالے۔
گلشن آرا نے کہا کہ حلقہ گھٹ ایک وسیع پہاڑی علاقہ ہے اور یہاں لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جو لوگوں کو کافی عرصہ پہلے دستیاب ہونا چاہئے تھیں۔
گھٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے منریگا کی اجرتوں کی ادائیگی، سڑکوں کی خستہ حالی، بجلی، پانی، صحت، تعلیم و کئی معاملات اٹھائے۔
گلشن آرا نے کہا کہ بارش اور برفباری کے دوران دیہی علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے کیونکہ ان علاقوں میں کھمبوں کے بجائے بجلی کی ترسیلی لائنز درختوں پر لٹکی ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران یہ بوسیدہ بجلی کا نظام آپس میں ٹکرا کر ختم ہو جاتا ہے۔ بدقسمتی سے خطہ چناب میں بجلی کی پیداوار ہونے کے باوجود لوگوں کو ابھی تک بجلی کی باقاعدہ فراہمی دیکھنے کو نہیں ملتی ہے۔
ڈی ڈی سی رکن نے کہا کہ کافی عرصے سے پینے کا پانی لوگوں کے لئے پریشانی کا باعث بنا ہوا ہے اور محکمہ صحت عامہ ہر بستی کو پانی فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔
سڑکوں کے معاملے پر، انہوں نے موجودہ سڑکوں کو بلیک ٹاپ کرنے اور جہاں ابھی تک سڑک سہولیات نہیں پہنچی ہیں وہاں سڑک بنانے کی بات کہی ہے۔
آرا نے ڈل درمن سیاحتی مقام تک فوری طور پر سڑک کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ سڑک کو ترجیحی بنیاد پر تعمیر کیا جائے تاکہ سیاحوں کو یہاں آنے میں آسانی ہو سکے۔
انہوں نے دور دراز علاقوں میں صحت مراکز کھولنے اور وہاں عملہ کی تعیناتی کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے مزید کہا "حکومت کو چاہئے کہ ان صحت مراکز پر مکمل عملہ دستیاب کیا جائے۔ اسی طرح ہر اسکول کو مناسب عملہ دیا جانا چاہئے۔''
انہوں نے کہا کہ ہر جاب کارڈ ہولڈر کو منریگا کے تحت 100 دن کا کام فراہم کرنا چاہئے۔