ڈوڈہ:جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے ڈی سی نے تمام محکمہ صحت کے اداروں کا معائنہ کیا۔ان اداروں میں ملازمین اور ذمہ داران کی غیر حاضری پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔انہوں نے متعلقہ افسران کو اس ضمن میں ہدایات بھی دی۔عام لوگوں کی خدمات کو یقنی بنانے پر زور دیا ۔
ڈی سی ڈوڈہ وشیش پال مہاجن نے آج محکمہ صحت کے عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کی اور پورے ضلع میں خاص طور پر دیہی اور دور دراز علاقوں میں صحت مراکز کا دورہ کیا۔ان اداروں میں عملے کی موجودگی کا جائزہ لیا۔
انہوں نے اے ڈی سی ڈوڈہ ڈاکٹر آر کے بھارتی، سی پی او ڈوڈا سریش کمار، سی ایم او ڈوڈا ڈاکٹر حامد زرگر، ڈی سی ایم او اور ڈی آئی او ڈوڈہ کے ساتھ تقریباً تمام 208 ہیلتھ کیئر اداروں کا معائنہ کیا۔
ڈی سی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ صحت کی دیکھ بھال ضروری خدمات میں سے ایک ہے۔معیاری اور بروقت صحت کی دیکھ بھال کی خدمات ضلع انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے خاص طور پر دور دراز کے علاقوں میں محکمہ صحت کے عملے کی غیر حاضری پر ناراضگی کا اظہار کیا۔سی ایم او ڈوڈا کو ہدایت دی کہ وہ عادت سے غیر حاضر رہنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کریں۔
یہ بھی پڑھیں:Medical Camp in Batgund Tral: بٹہ گنڈ، ترال میں مفت میڈیکل کیمپ
انہوں نے سی ایم او کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر حاضر کنٹریکٹی عملہ کو فارغ کرنے اور دیگر غیر حاضر عملہ کی تنخواہ روکے جانے کو لے کر کارروائی کریں۔ انہوں نے مزید احکامات جاری کئے ہیں کہ وہ ان سے وضاحت طلب کریں اور ریکوری کے لئے بھی کارروائی کریں اور ناکارہ عملے سے 5000 روپے جرمانہ وصول کریں جو کہ ڈسٹرکٹ ریڈ کراس سوسائٹی کے فنڈز میں جمع کئے جائیں گے۔