ضلع ڈوڈہ کے ترقیاتی کمشنر وکاس شرما نے کا کہنا ہے کہ ضلع کے تمام دیہی علاقوں میں کووڈ۔19 ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ (آر اے ٹی) کے انعقاد کے لئے آشا اور آنگن واڑی کارکنان کو تربیت دی جارہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران عائد بندشوں میں نرمی دی گئی ہے۔ اور محدود پیمانے پر معاشی سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ حکام کو ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کر انے کے لئے خصوصی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کووڈ ایس او پیز پر عمل آوری کے ساتھ ساتھ چند شرائط کے ساتھ ترقیاتی سرگرمیاں کھول دی گئی ہیں۔
ڈی سی کا کہنا ہے کہ میڈیکل کالج میں 750 ایل پی ایم آکسیجن جنریشن پلانٹ میں توسیع کا منصوبہ ہے ۔اور جلد ازجلد اس سلسلے میں کام شروع ہونے کی امید ہے۔
اس کے علاوہ گندوہ اور بھدرواہ میں بھی آکسیجن جنریشن پلانٹوں کے لئے ڈی پی آر تیار کیے گئے ہیں۔
کورونا مثبت معاملات پر انہوں نے کہا ضلع میں مثبت معاملات کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔
اس وقت ضلع میں کُل 1097 کورونا کے کیسز ہیں ۔جن میں سے صرف 35 مریض ڈوڈہ اور بھدرواہ کے اسپتالوں میں ہیں۔
انہوں نے 45 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کورونا مخالف ٹیکہ کاری مہم میں آگے آنے کی اپیل کی ہے ۔