زعفران کی صنعت کو مزید تقویت بخشنے اور زعفران کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ منافع بخش بنانے کے لیے ڈائریکٹر زراعت کشمیر محمد اقبال چودھری کی زیر صدارت میں آج انٹرنیشنل انڈین ٹریڈ اسپائس پارک دوسو پانپور میں زعفران کے قومی مشن سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کے دوران زعفران مشن نامی اسکیم کے تحت ہونے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بتایا گیا کہ بورولز کی تکمیل کے ہدف میں 100 سے زیادہ کنویں تیار ہیں اور امید ہے کہ مارچ 2021 کے آخر میں مزید کنویں مکمل ہوجاٸیں گے جس سے زعفران کی پیداوار میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ایگریکلچر کشمیر نے خطاب کرتے ہوئے ایم ای ڈی کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ زیر التواء کنویں کی تکمیل کو یقینی بنائیں اور اس کے لئے ٹائم لائن تیار کی جائے۔
محمد اقبال چودھری نے کہا کہ پیداوار میں اضافہ کرنے کے لئے زمینوں کو سیراب کرنے کے لئے دیگر ضروری سامان کے ساتھ 124 کنویں تیار ہونے جا رہے ہیں اور بہت ہی جلدی انہیں مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے زعفرانی اراضی کی تبدیلی کا بھی سنجیدگی سے نوٹس لیا اور متعلقہ افسران کو اپنی کوششوں میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔
انہوں نے ریونیو، زراعت اور ایم ای ڈی کے عہدیداروں کو زمینی سطح پر صورتحال کی نگرانی کے لئے ایک لائحہ عمل واضح کرنے اور انتظامیہ کو اس حوالے سے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں جوائنٹ ڈائریکٹر زراعت، چیف ایگریکلچر آفیسر سرینگر اور پلوامہ ، ایم ای ڈی کے عہدیداران اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔