جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں جمعہ کے روز سرینگر کے لاپتہ پنچ کی لاش میوزہ باغ سے برآمد ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقامی لوگوں نے ضلع شوپیان کے دانگام رتنی پورہ کے میوہ باغات میں ایک لاش دیکھی جس کے بعد انہوں نے پولیس کو مطلع کیا۔ پولیس جائے موقع پر پہنچ گئی ہے اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
پولیس ذرائع نے لاش کی شناخت نثار احمد بٹ کے بطور کی ہے۔
واضح رہے کہ سرینگر کا رہنے والا پنچ جو 19 اگست سے لاپتہ ہے کی ہلاکت کی ایک آڈیو کلپ سوشل میڈیا سائٹس پر وائرل ہوگئی تھی جس میں نامعلوم شخص نے بتایا کہ انہوں نے بی جے پی کے پنچ جس کی شناخت نثار احمد بٹ کے بطور ہوئی ہے، کو اغوا کر کے ہلاک کیا ہے۔
اس آڈیو کلپ میں مزید بتایا گیا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے جس طرح فورسز اہلکار عسکریت پسندوں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے نہیں کر رہے ہیں اور انہیں نامعلوم جگہ پر دفن کیا جارہا ہے۔ اسی طرح عسکریت پسندوں نے بھی اس پنچ کی لاش کو لواحقین کے حوالے نہیں کیا اور اسے کسی نامعلوم جگہ پر سپرد خاک کر دیا اور آج جمعہ کے روز مقامی لوگوں نے اس پنچ کی لاش کو میوہ باغات سے برآمد کیا۔