ڈپٹی کمشنر سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے منگل کے روز سرائے بالا میں واقع دستگير صاحب ؒ زیارت کا دورہ کیا اور وہاں حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کے عرس کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
اطلاعات کے مطابق دورے کے دوران ڈی سی سرینگر نے شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کے سالانہ عرس کے لیے مختلف محکموں کے عہدیداران سے تفصیلات طلب کیں۔ انہوں نے دستگير صاحب انتظامیہ اور اس علاقے کے مقامی نمائندوں سے بھی بات چیت کی۔
اس موقع پر لائن ڈپارٹمنٹ کے سینئر افسران ان کے ہمراہ تھے۔ افسران نے ڈی سی کو ان کے متعلقہ محکموں کے انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
اس موقع پر ڈی سی نے سرائے بالا کے علاقے کی آس پاس کی منڈی کا بھی دورہ کیا اور مقامی مارکٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے بات چیت کی۔
نمائندوں نے ڈی سی کو مارکٹ کی فوری ترقیاتی ضروریات سے آگاہ کیا اور ان کی تکمیل میں اس کی مداخلت کی خواہش کی۔ نمائندوں نے مارکٹ ایریا میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کے لیے ضلع انتظامیہ کی ستائش کی۔
شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کے عرس پاک کی مناسبت سے اسلامی کیلنڈر کے مطابق یکم ربیع الثانی سے ایام متبرکہ شروع ہوجاتے ہیں جو کہ 11روز تک جاری رہتے ہیں۔ ان متبرکہ ایام کے دوران ہر روز نماز عصر سے نماز مغرب تک خصوصی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔
ادھر سرینگر میونسپل کارپوریشن نے تینوں آستان عالیہ کے لیے خصوصی سینٹائزیشن مہم چلائی جارہی ہے جس کے لیے مختلف ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے جو کہ آستان عالیہ خانیار، سرائے بالا سرینگر اور آستان عالیہ صورہ آنچار میں دن بھر ڈیوٹی انجام دیتے ہیں۔